ہومتازہ ترینبنگلادیش نے پاکستان کو تاریخی شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش...

بنگلادیش نے پاکستان کو تاریخی شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا

بنگلادیش نے پاکستان کو تاریخی شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی بنگلادیش نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو تاریخ میں دوسری مرتبہ اپنی سرزمین پر حریف کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حال ہی میں انگلینڈ نے پاکستان کو تین۔صفر سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے ہوم گراؤنڈ پر اس کو وائٹ واش کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے دیا گیا 185 رنز کا ہدف بنگلا دیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بنگلا دیش کے اوپنرز ذاکر حسن 40 اور شادمان اسلام 24 رنز کر آؤٹ ہوئے جبکہ نجم الحسین شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، خرم شہزاد، ابرار احمد اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلا دیش کے لٹن داس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، انہوں نے بنگلا دیش کی پہلی اننگز میں 138 رنز اسکور کیے تھے۔ بنگلا دیش کے مہدی حسن میراز کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا، انہوں نے سیریز میں 155 رنز بنائے اور 10 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی دوسری اننگز
راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی تھی، قومی ٹیم صرف 172 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 185 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 65 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی، محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور پاکستان کا اسکور 136 رنز تک پہنچایا، تاہم یہاں ان فارم محمد رضوان آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایک جانب سلمان علی آغا نے پھر ٹیل اینڈرز کے ساتھ رنز بنانے کی کوشش کی، وہ 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔

دیگر کھلاڑیوں میں عبداللّٰہ شفیق 3، صائم ایوب 20، شان مسعود 28، بابر اعظم 11، سعود شکیل اور ابرار احمد 2، 2 جبکہ میر حمزہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ خرم شہزاد اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4 جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی پہلی اننگز
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 58، کپتان شان مسعود نے 57 اور سلمان علی آغا نے 54 رنز بنائے۔

بنگلادیش کی طرف سے مہدی حسن میراج نے 5 وکٹیں لیں، تسکین احمد نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور ناہید رانا نے ایک ایک آؤٹ کیا۔

بنگلا دیش کی پہلی اننگز
مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 261 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔

ایک وقت پر بنگلا دیش کے 6 کھلاڑی صرف 26 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے، تاہم لٹن داس نے شاندار سنچری اور مہدی حسن نے 78 رنز بنا کر بنگلادیش کو مشکل صورتحال سے نکالا۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 اور میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں لیں جبکہ ٹیم میں شامل ہونے والے اسپنر ابرار احمد کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل