اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

چین-ایران-یورپ ریلوے راہداری: چھ ممالک کے درمیان ترقیاتی معاہدہ

Kazan 2025

چین-ایران-یورپ ریلوے راہداری: چھ ممالک کے درمیان ترقیاتی معاہدہ

قازان (اشتیاق ہمدانی)
چین سے ایران اور آگے یورپ تک ریل رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے چھ ممالک — چین، ایران، قازقستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ترکی — نے مشترکہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ 12 مئی 2025 کو تہران میں ہونے والی ایک اہم ملاقات کے دوران طے پایا، جس میں ان ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس اقدام کا مقصد چین-قازقستان-ازبکستان-ترکمانستان-ایران-ترکی-یورپ ریلوے راہداری کو مؤثر اور فعال بنانا ہے۔

 

قازق ریلوے کے مطابق، جنوری تا اپریل 2025 کے دوران چین-ایران کنٹینر ٹریفک میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2.6 گنا اضافہ ہوا ہے، جو اس راہداری کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور مانگ کا مظہر ہے۔ اس پیش رفت کے تحت چھ ممالک نے “مشترکہ اقدامات” پر اتفاق کیا ہے تاکہ کنٹینر ٹریفک کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔ معاہدے میں مسابقتی کرایہ داری کی شرائط، ٹرین آپریشن کے اہم نکات، اور طے شدہ وقت میں مال کی ترسیل جیسے عناصر شامل ہیں۔ شرکاء نے اس راہداری کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر اور فروغ کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ قازقستان اور چین پہلے ہی ایران کے ذریعے یورپ کو ریل فریٹ بھیجنے میں مصروف ہیں۔ مارچ 2025 میں ٹیلی ویژن کمپوننٹس سے لدے کنٹینر ٹرین نے روایتی روس-بیلاروس راستے کے بجائے ایران کے ذریعے یورپ کا سفر کیا، جس کا تخمینی وقت 52 سے 60 دن رہا، حالانکہ نومبر 2024 میں “مڈل کوریڈور” کا وقت تقریباً 30 دن تھا۔ یہ معاہدہ نہ صرف وسطی ایشیا سے یورپ تک تجارتی روابط کو وسعت دے گا، بلکہ عالمی منڈیوں میں ان ممالک کی شمولیت اور اقتصادی ترقی کے نئے امکانات بھی پیدا کرے گا۔

 

 

 

Share it :