یوکرین تنازعہ پر پاکستان کا موقف خودمختارخارجہ پالیسی کا عکاس ہے، روسی سفیر
اسلام آباد (صداۓ روس)
اسلام آباد میں روس کے سفیر البرٹ خوریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے روس اور یوکرین کے تنازع پر اپنے مغربی شراکت داروں کے دباؤ کے باوجود غیرجانبدار مؤقف اپنایا ہوا ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ اسلام آباد ایک آزاد اور خودمختار خارجہ پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا روس، روس-یوکرین تنازع پر پاکستان کے غیرجانبدارانہ مؤقف کی قدر کرتا ہے۔ البرٹ خوریف کے مطابق روس اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ پاکستان پر اس کے مغربی اتحادیوں کی جانب سے دباؤ موجود ہے، لیکن اس کے باوجود اسلام آباد کا مؤقف برقرار رکھنا ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی میں آزادی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
روسی سفیر کے اس بیان کو ماہرین پاکستان کے سفارتی توازن کے تسلسل کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جو ایک طرف عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے، تو دوسری طرف خطے میں اپنے مفادات کا تحفظ بھی کر رہا ہے۔