چچنیا میں گولڈن پین ایوارڈ حاصل کرنے پر پاکستانی سفیر کی چیف ایڈیٹر صدائے روس اشتیاق ہمدانی کو مبارکباد
ماسکو (صدائے روس)
چچنیا میں بین الاقوامی صحافتی اعزاز گولڈن پین ایوارڈ حاصل کرنے پر پاکستانی سفیر برائے روس فیصل نیاز ترمذی نے ممتاز پاکستانی صحافی اور چیف ایڈیٹر صدائے روس اشتیاق ہمدانی کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر پاکستانی سفارت خانہ ماسکو میں دونوں کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں صحافت، عوامی سفارت کاری اور پاکستان–روس تعلقات کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سفیر پاکستان فیصل ترمذی نے اشتیاق ہمدانی کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر جانبدار، ذمہ دار اور معیاری صحافت نے نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا بلکہ پاکستان اور روس کے درمیان عوامی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گولڈن پین ایوارڈ جیسے عالمی اعزاز کا حصول پاکستانی صحافت کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اس موقع پر اشتیاق ہمدانی نے سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے ذاتی کامیابی کے ساتھ ساتھ پاکستانی صحافتی برادری کے اعتماد اور محنت کا اعتراف بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات، ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی سفارت کاری کو فروغ دینے کے لیے اپنی صحافتی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ میڈیا عوامی رائے سازی اور دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اور پاکستانی صحافیوں کی روس میں فعال موجودگی دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ گولڈن پین ایوارڈ ایک معتبر بین الاقوامی صحافتی اعزاز ہے، جو پیشہ ورانہ مہارت، تحقیقی صحافت اور امن و مکالمے کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو دیا جاتا ہے۔ اشتیاق ہمدانی کی اس کامیابی کو پاکستان میں صحافتی حلقوں کی جانب سے بھی بھرپور سراہا جا رہا ہے۔