اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کا پہلا تھری سٹار ایئرپورٹ قرار پایا
اسلام آباد (صداۓ روس)
عالمی ہوا بازی کی معروف ریٹنگ ایجنسی سکائی ٹریکس نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو تھری سٹار ایئرپورٹ کا درجہ دے دیا ہے، جو پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ درجہ ملک کے کسی بھی ایئرپورٹ کو پہلی بار ملا ہے، جبکہ لاہور اور کراچی ایئرپورٹس اب بھی ٹو سٹار کیٹیگری میں ہیں۔
سکائی ٹریکس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق یہ ریٹنگ مسافروں کی سہولیات، ائیرپورٹ مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، عملے کے رویے، شاپنگ، کھانے پینے کی سہولیات اور مجموعی سفری تجربے کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔ تھری سٹار ریٹنگ کا مطلب ہے کہ ایئرپورٹ عالمی اوسط معیار پر پورا اترتا ہے اور مسافروں کو مناسب خدمات فراہم کرتا ہے۔ اس کیٹیگری میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مینچسٹر، نیو یارک جے ایف کے، واشنگٹن، ماسکو، میکسیکو سٹی اور کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ جیسے نامور ایئرپورٹس بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی یہ کامیابی حالیہ برسوں میں کی گئی بہتریوں کا نتیجہ ہے، جن میں ٹرمینل کی سہولیات میں اضافہ، سیکورٹی اور امیگریشن کے عمل کو بہتر بنانا اور مسافروں کے آرام کو ترجیح دینا شامل ہے۔ حکام کے مطابق یہ ریٹنگ پاکستان کی ایوی ایشن سیکٹر میں معیار کی بلندي کی عکاسی کرتی ہے اور مزید ترقی کی طرف اشارہ ہے۔
سکائی ٹریکس کی پانچ سٹار ریٹنگ نظام میں تھری سٹار کو منصفانہ اور اوسط معیار کی نشاندہی کی جاتی ہے، جو عالمی سطح پر کئی مصروف ایئرپورٹس کے لیے ایک قابل قبول درجہ ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف اسلام آباد ایئرپورٹ کی کارکردگی کو سراہتا ہے بلکہ پاکستان کی ہوا بازی کو عالمی نقشے پر مزید نمایاں کرتا ہے۔