روسی اسٹیٹ دوما میں کنڈرگارٹن اساتذہ کی تنخواہیں دگنی کرنے کی تجویز
ماسکو (صداۓ روس)
روسی پارلیمان اسٹیٹ دوما میں کنڈرگارٹن اساتذہ کی تنخواہیں دگنی کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ یہ بات 22 جنوری کو اے جسٹ رشیا پارٹی کے سربراہ اور اسٹیٹ ڈوما میں پارٹی دھڑے کے قائد سرگئی میرونوف نے کہی۔ ان کے مطابق کنڈرگارٹن کے اوقاتِ کار میں توسیع والدین کی ملازمت سے متعلق نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے ایک ناگزیر قدم ہے، تاہم اس کے لیے اضافی عملے کی بھرتی اور اساتذہ کی تنخواہوں میں کم از کم پچاس فیصد اضافے یا انہیں دگنا کرنا ضروری ہوگا۔ خبر رساں ادارے ریا نووستی کے مطابق میرونوف نے کہا کہ اساتذہ پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر نظام کو مؤثر بنانے کے لیے مالی مراعات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ والدین کی پیشہ ورانہ نقل و حرکت کو سہل بنانے کے لیے ریاست کو مناسب اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ایک روز قبل روسی صدر صدر پوتن نے پری اسکول تعلیمی نظام سے متعلق ٹھوس سفارشات تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ اسی دن روسی اکیڈمی آف ایجوکیشن کے نائب صدر گیناڈی اونیشینکو نے کہا کہ کنڈرگارٹن کے اوقات رات آٹھ بجے تک بڑھانے کی تجویز کے مثبت اور منفی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لینا ضروری ہے، کیونکہ اس فیصلے کے اپنے فوائد اور نقصانات دونوں موجود ہیں۔