وزیراعظم شہباز شریف مارچ میں روس کا دورہ کریں گے
ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ماہ مارچ کے اوائل میں روس کا سرکاری دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کا دورہ مارچ کے پہلے نصف میں متوقع ہے اور دونوں فریقین کے درمیان دورے کی تاریخوں پر اتفاق ہو چکا ہے۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی کے مطابق وزیراعظم اس دورے کے منتظر ہیں اور پاکستان اس سفر کو دوطرفہ تعلقات کو نئی سطح تک لے جانے کے لیے انتہائی اہم قرار دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان سیاسی، معاشی، سماجی، تعلیمی اور تجارتی شعبوں میں مضبوط تعلقات قائم ہونا ضروری ہیں۔
قبل ازیں 20 نومبر 2025 کو یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ پاکستان روس کے ساتھ اشیائے خورونوش سے آگے بڑھ کر بارٹر تجارت کو دیگر شعبوں تک وسعت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان نے بارٹر تجارت کو آسان بنانے کے لیے قانون سازی کی اور برآمدی اشیا پر عائد بعض پابندیاں بھی ختم کر دی ہیں۔ تاہم توانائی کے شعبے میں وسیع تعاون اس وقت امریکی پابندیوں اور پاکستانی ریفائنریوں کی جدید کاری کی ضرورت کے باعث محدود ہے۔