اسپین میں ایک ہفتے کے دوران چوتھا ریلوے حادثہ، متعدد افراد زخمی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
اسپین میں ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں چوتھا ریلوے حادثہ پیش آیا ہے، جہاں جنوب مشرقی علاقے مُرسیہ میں ایک مسافر ٹرین ایک کرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کئی افراد معمولی زخمی ہو گئے۔ علاقائی حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کے روز دوپہر کے وقت پیش آیا۔ یہ حادثہ کارتاخینا سے لوس نیتوس جانے والی تنگ پٹڑی پر چلنے والی مسافر ٹرین کے ساتھ پیش آیا، جو ایف ای وی ای کے تحت چلائی جاتی ہے۔ علاقائی وزارتِ صحت کے مطابق ٹرین صبح گیارہ بج کر چالیس منٹ پر کارتاخینا سے روانہ ہوئی تھی اور بارہ بج کر تیرہ منٹ پر لوس نیتوس پہنچنا تھا، تاہم المبرومیس کے قریب اس کے پہلو سے ٹکرا گئی۔ ایمرجنسی سروسز کے مطابق سفر کے دوران ایک ٹرک پر نصب کرین کا بازو، جو نہ تو ریاستی ریلوے آپریٹر اور نہ ہی انفراسٹرکچر ادارے سے منسلک تھا، ریلوے کی حدود میں داخل ہو گیا اور ٹرین سے جا ٹکرایا۔ اس تصادم کے نتیجے میں ٹرین کے چند ڈبوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، تاہم خوش قسمتی سے ٹرین پٹڑی سے نہیں اتری۔
علاقائی صدر فرناندو لوپیز میراس نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ چار افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور اس بات پر زور دیا کہ ٹرین ڈی ریل نہیں ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات میں زخمیوں کی تعداد چھ تک بتائی گئی تھی، جن میں سے بعض کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کے وقت ٹرین میں تقریباً سولہ مسافر سوار تھے۔ یہ حادثہ اسپین میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے ریلوے حادثات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اتوار کے روز جنوبی علاقے اندلوسیہ میں دو تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم بیالیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ منگل کے روز کاتالونیا میں ایک مسافر ٹرین شدید بارش کے بعد پٹڑی پر گرنے والی حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی، جس میں ڈرائیور ہلاک جبکہ سینتیس مسافر زخمی ہوئے، جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ اسی روز کاتالونیا میں ایک اور مسافر ٹرین پٹڑی پر گرے ہوئے پتھروں سے ٹکرانے کے بعد ڈی ریل ہو گئی، تاہم اس واقعے میں کوئی شدید زخمی نہیں ہوا۔
سیاسی تجزیہ کار روبن تامبولیو نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حادثات کا یہ تسلسل انتظامی ناکامی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق ریلوے نیٹ ورک سے متعلق تکنیکی انتباہات کو مسلسل نظر انداز کیا گیا اور ضروری مرمت کے بجائے فنڈز کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ روبن تامبولیو کا کہنا تھا کہ جب عوام کے معیارِ زندگی میں مسلسل کمی آ رہی ہو تو ایسے میں یوکرین یا مراکش جیسے ممالک میں سرمایہ کاری کے بجائے اسپین کے عوامی مسائل اور بنیادی ڈھانچے پر توجہ دی جانی چاہیے، کیونکہ اسپین کے عوام خود مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔