آذربائیجان کی بین الاقوامی نیوز ایجنسی “وائس پریس” (VoicePress.az) کی نمائندہ جمیلہ چبوتاریووا نے انسانی وسائل کی ٹرانسفارمیشن اور لیڈرشپ کوچ، کیریئر پلاننگ کنسلٹنٹ اور کتاب “Psychology of Success” کی مصنفہ فازیلیا اسکیرووا سے خصوصی گفتگو کی۔ گفتگو میں انہوں نے کتاب کے مواد، انسانی وسائل کے شعبے کے تجربات، نوجوان پروفیشنلز کے مستقبل، لیڈرشپ کے چیلنجز اور لکھنے کے عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
(ترجمہ: اشتیاق ہمدانی)
سوال: فازیلیا خانم! سب سے پہلے ہم آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے کہ آپ نے ہمارے لیے وقت نکالا۔
فازیلیا اسکیرووا: مجھے آپ سے مل کرخوشی ہوئی، شکریہ۔
سوال: آپ کافی عرصہ بطور مترجم کام کرتی رہیں، اور اب آپ موٹیویشنل اور کاروباری ترقی کے موضوع پر کتابیں تحریر کر رہی ہیں۔ یہ سفر کیسے شروع ہوا؟ اور لکھنے کا محرک کیا تھا؟
فازیلیا اسکیرووا: جی ہاں، درست فرمایا۔ میں نے آذربائیجان یونیورسٹی آف فارن لینگوئجز سے تعلیم حاصل کی اور اپنی ابتدائی پیشہ ورانہ زندگی بطور مترجم گزاری۔ 2002 سے میں نے انسانی وسائل (HR) کے شعبے کی طرف رخ کیا اور اس میں تقریباً 27 سال کام کیا۔ بچپن سے ہی مجھے کتابوں سے دلچسپی تھی — میں نے 800 سے زیادہ کتابیں پڑھیں، اور ہمیشہ یقین تھا کہ ایک دن خود بھی کتاب لکھوں گی۔ میرے والد لسانیات کے محقق تھے اور شاعر نظامی گنجوی پر تحقیق کرتے ہوئے دو کتابیں لکھیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہی میری پہلی محرک شخصیت تھے۔
سوال: کتاب لکھنے کا عمل عام طور پر مشکل سمجھا جاتا ہے۔ آپ نے اپنی پہلی کتاب کیسے لکھی؟
فازیلیا اسکیرووا: بظاہر یہ کام آسان لگتا ہے مگر حقیقت میں یہ نہایت مشکل اور محنت طلب عمل ہے۔ اس کے لیے صبر، تسلسل اور وقت کی ضرورت ہوتی ہے۔ میں تقریباً دس سال پہلے لکھنا چاہتی تھیں لیکن مناسب وقت نہیں مل رہا تھا۔ وبا (Covid-19) کے دوران جب کئی غیر ملکی کمپنیوں نے دورکاری متعارف کروائی تو میں نے اس موقع کو استعمال کیا اور کتاب پر کام شروع کیا۔ یہ سفر ہرگز ہموار نہیں تھا — بعض دن ایسے بھی آئے کہ موضوع ذہن میں واضح تھا مگر اسے الفاظ میں ڈھالنا مشکل ہو رہا تھا۔
یہ میری پہلی کتاب ہے، جس کا تعلق “بزنس اور پروفیشنل ڈیولپمنٹ” زمرے سے ہے۔ کتاب پہلے آذربائیجانی زبان میں شائع ہوئی اور اب میں اسے انگریزی اور روسی زبانوں میں ترجمہ کر رہی ہوں۔
سوال: ادبی نقادوں اور ناقدین کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟
فازیلیا اسکیرووا: مجموعی طور پر نقادوں کا کام آسان نہیں اور اکثر غیر شکریہ بھی ہوتا ہے۔ کتاب کی اشاعت سے پہلے میں نے اس کا مسودہ اپنے کچھ قریبی پیشہ ور ساتھیوں سے شیئر کیا اور ان کی رائے میرے لیے بہت اہم تھی۔
سوال: آپ کی کتاب “Psychology of Success” کس بارے میں ہے؟ اور اس کتاب کا مرکزی خیال کیا ہے؟
فازیلیا اسکیرووا: میں نے کوشش کی کہ کتاب بیک وقت کئی اہم موضوعات کا احاطہ کرے — خاص طور پر ان نوجوانوں کے لیے جو یونیورسٹی کے بعد کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں اور ان پیشہ وروں کے لیے جو ترقی اور لیڈرشپ کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں۔ کتاب میں کامیابی کے مختلف فارمولے اور خیالات شامل ہیں۔ اس میں عصرِ حاضر کے لیڈرز، مصنوعی ذہانت کے دور میں بزنس کمیونیکیشن، “نہیں” کہنا سیکھنے، مشکل مذاکرات کرنے اور کامیاب رہنماؤں کے لیے عملی سفارشات بھی شامل ہیں۔
سوال: وہ نوجوان لکھاری جو اس میدان میں آنا چاہتے ہیں آپ انہیں کیا مشورہ دیں گی؟
فازیلیا اسکیرووا: چونکہ میں خود بھی ابھی اس میدان میں ہوں اس لیے بہت زیادہ دعویٰ نہیں کروں گی۔ لیکن ایک بات یقینی ہے — ارادہ، صبر، مسلسل کوشش اور ڈسپلن غیر معمولی نتائج دیتے ہیں۔