پولینڈ میں ٹرینوں اور گاڑی کے تصادم کے بعد ریل سروس معطل
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے قریب دو ٹرینوں اور ایک کار کے درمیان حادثے کے بعد ٹرین سروس معطل کر دی گئی۔ ریڈیو اسٹیشن آر ایم ایف ایف ایم نے 25 جنوری کو اس واقعے کی اطلاع دی۔ رپورٹ کے مطابق شیکوئنگ کی جانب جانے والی ایک مسافر ٹرین ریلوے کراسنگ پر فورڈ فوکس کار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کار مخالف سمت کی پٹڑی پر جا گری جہاں اسے دوسری ٹرین نے ٹکر مار دی۔
حادثے کے بعد کار میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ ایک ٹرین میں بھی آگ لگ گئی۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ واقعے کے بعد دونوں ٹرینوں سے تقریباً 300 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 18 جنوری کو اسپین کے صوبے قرطبہ میں جنوبی شہر مالاگا سے میڈرڈ جانے والی دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا کر پٹڑی سے اتر گئی تھیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد ہلاک ہوئے۔ اسپین میں ٹرین حادثات میں زخمیوں کی مجموعی تعداد 152 تک پہنچ گئی ہے۔ ہلاکتوں کے بعد ہسپانوی حکام نے 19 جنوری کو تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا اور حادثے کی وجوہات کی شفاف تحقیقات کا وعدہ کیا۔