گیسٹ ہاؤس کے سینئر اداکار خالد حفیظ انتقال کر گئے
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی مقبول ڈرامہ سیریز گیسٹ ہاؤس میں مسٹر شمیم کا یادگار کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار خالد حفیظ انتقال کر گئے۔ خالد حفیظ 26 اور 27 جنوری کی درمیانی شب رات ایک بج کر تیس منٹ پر اسلام آباد میں خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ اسلام آباد کے ایچ-11 قبرستان میں بعد از نمازِ مغرب ادا کی گئی، جس میں اہلِ خانہ، قریبی دوستوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ خالد حفیظ اسلام آباد میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مقیم تھے اور طویل عرصے سے ٹیلی وژن سے وابستہ رہے۔ وہ اکثر ڈرامہ گیسٹ ہاؤس سے وابستہ اپنے ساتھی اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو کے ہمراہ مختلف انٹرویوز میں نظر آتے رہے، جہاں ان کی سادگی اور شگفتہ انداز کو ناظرین نے بے حد سراہا۔
اداکار خالد حفیظ کے انتقال کی خبر سب سے پہلے افضل خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کی، جس کے بعد سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور اداکار نعمان مسعود نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ خالد حفیظ کے انتقال پر شوبز انڈسٹری میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعائیں کی جا رہی ہیں، جبکہ بہت سے افراد نے انہیں اپنے بچپن کی یادوں سے جڑی ایک خوبصورت اور باوقار شخصیت قرار دیا ہے۔