روسی صدر کی اماراتی ہم منصب سے ملاقات
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلوں اور تنازع کے حل کے لیے رابطوں کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ روس یو اے ای کی کوششوں کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے کریملن میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کے آغاز پر کہی۔ صدر پوتن نے کہا کہ وہ یوکرینی بحران کے تناظر میں اماراتی قیادت کی کوششوں کو خصوصی طور پر تسلیم کرنا چاہتے ہیں، جن میں قیدیوں کے تبادلوں کا انعقاد اور یو اے ای کی سرزمین پر مختلف سطحوں کے رابطوں کی میزبانی شامل ہے۔ ان کے مطابق روس ان تمام اقدامات کو انتہائی اہم اور قابلِ قدر سمجھتا ہے۔
روسی صدر نے شیخ محمد بن زاید النہیان کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے ابو ظہبی میں سکیورٹی سے متعلق ورکنگ گروپ کے تحت ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کے انعقاد اور روسی وفد کو دی جانے والی توجہ پر ماسکو اماراتی قیادت کا مشکور ہے۔ ملاقات کے دوران روس اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے صدر پوتن نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری تمام شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے، بالخصوص توانائی کے شعبے میں کئی اہم مشترکہ منصوبے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای عرب دنیا میں روس کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے اور دو طرفہ تجارتی حجم مسلسل بڑھ رہا ہے۔ صدر پوتن کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان نے روس۔امارات اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ میں ذاتی طور پر نمایاں کردار ادا کیا ہے، جو ہمہ جہت، باہمی مفاد پر مبنی اور تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر نے بھی روس کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای روس کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اسٹریٹجک شراکت داری کے اہداف دونوں ممالک کے مفاد میں حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور یو اے ای کے تعلقات نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط گہرے اور نتیجہ خیز تعاون کی بنیاد پر قائم ہیں۔