روسی الیکٹرک گاڑی ’’ایٹم‘‘ کی فروخت اپریل سے شروع ہوگی
ماسکو (صداۓ روس)
روس میں تیار کی جانے والی الیکٹرک گاڑی ’’ایٹم‘‘ کی فروخت اپریل دو ہزار چھبیس سے شروع کی جائے گی۔ یہ بات جوائنٹ اسٹاک کمپنی کاما کے کمرشل ڈائریکٹر الیگزینڈر کوستیلیوف نے تیس جنوری کو بتائی۔ ان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ گاڑی عام صارفین کے لیے صرف آن لائن فروخت کی جائے گی، جبکہ گاڑی کی ترسیل براہِ راست صارفین کے گھروں تک کی جائے گی۔ الیگزینڈر کوستیلیوف نے وضاحت کی کہ ٹیسٹ ڈرائیو اور سروس کی سہولت ملک کے بڑے شہروں میں کمپنی کے شراکت دار مراکز پر دستیاب ہو گی۔ سب سے پہلے وہ گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جن کی پیشگی بکنگ دو ہزار تیئیس میں کی گئی تھی، اس کے بعد کار شیئرنگ کمپنیوں، ٹیکسی سروسز اور علاقائی حکام کو پائلٹ منصوبوں کے تحت گاڑیاں دی جائیں گی۔
کمپنی کے نمائندے کے مطابق ’’ایٹم‘‘ کی پیشگی بکنگ کی قیمت انتالیس لاکھ روبل مقرر کی گئی ہے، جبکہ قرض یا لیز پر خریداری کی صورت میں حکومت کی جانب سے نو لاکھ پچیس ہزار روبل کی سبسڈی بھی دستیاب ہو گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گاڑی پر آٹھ سال یا دو لاکھ کلومیٹر کی وارنٹی دی جائے گی۔ دیکھ بھال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس الیکٹرک گاڑی میں ہر بیس ہزار کلومیٹر کے بعد کیبن فلٹر تبدیل کرنا ہو گا، جبکہ ٹرانسمیشن فلوئڈ چالیس ہزار کلومیٹر کے بعد بدلا جائے گا۔ پانچ دسمبر کو یہ بھی رپورٹ کیا گیا تھا کہ ’’ایٹم‘‘ کو تین مختلف ورژنز میں تیار کیا جائے گا، جن میں نجی استعمال، ٹیکسی سروس اور کار شیئرنگ شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق سروس سینٹرز ماسکو، سینٹ پیٹرزبرگ، نزنی نووگورود، قازان، نابریژنیے چیَلنی سمیت ملک کے آٹھ سے دس دیگر شہروں میں قائم کیے جائیں گے۔ گزشتہ سال ستمبر میں ’’ایٹم‘‘ کو گاڑی کی قسم کی منظوری حاصل ہو گئی تھی، جس کے بعد روس میں اس ماڈل کی بڑے پیمانے پر پیداوار اور فروخت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔