پاکستان میں رواں برس کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

polio in pakistan polio in pakistan

پاکستان میں رواں برس کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان اور افغانستان میں دو ہزار چھبیس کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز آج سے بیک وقت کر دیا گیا ہے۔ اس مشترکہ مہم کا مقصد خطے سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ پاکستان میں یہ مہم ملک بھر کے ایک سو انہتر اضلاع میں جبکہ افغانستان میں تین سو بیاسی اضلاع میں چلائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی انسدادِ پولیو مہم دو سے آٹھ فروری تک جاری رہے گی اور پورے ملک میں ایک ہی مرحلے میں نافذ کی جائے گی۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں تین روزہ پولیو مہم کے بعد ایک کیچ اپ ڈے رکھا جائے گا، جبکہ حساس علاقوں میں پانچ روزہ مہم کے ساتھ دو کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔ حساس ایریاز میں کمیونٹی بیسڈ پولیو ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ خصوصی موبائل ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔

اس قومی مہم کے دوران چار کروڑ چون لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب میں دو کروڑ تیتیس لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی، خیبر پختونخوا میں ایک کروڑ چھ لاکھ، بلوچستان میں چھبیس لاکھ ساٹھ ہزار، آزاد کشمیر میں سات لاکھ چالیس ہزار، گلگت بلتستان میں دو لاکھ اسی ہزار جبکہ اسلام آباد میں چار لاکھ ساٹھ ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ قومی انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے چار لاکھ بارہ ہزار سات سو چھ فرنٹ لائن ورکرز اپنی خدمات انجام دیں گے۔ حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو قطرے ضرور پلوائیں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کا خواب حقیقت بن سکے۔

Advertisement