گلگت بلتستان: سینو میں برفانی تیندوؤں کے رات گئے حملے سے 12 بکریاں ہلاک

Snow leopard Snow leopard

گلگت بلتستان: سینو میں برفانی تیندوؤں کے رات گئے حملے سے 12 بکریاں ہلاک

سکردو(صداۓ روس)
گلگت بلتستان کے علاقہ گانگچھے (سینو) میں رات گئے برفانی تیندوؤں نے ایک مویشی خانے میں گھس کر 12 بکریاں موقع پر ہلاک کر دیں جبکہ درجنوں دیگر بکریوں کو زخمی بھی کر دیا۔ متاثرہ شخص جوہر علی نے بتایا کہ یہ حملہ رہائشی علاقے میں ہوا جس سے مقامی لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
جوہر علی کے مطابق برفانی تیندوؤں نے مویشی خانے میں گھس کر 12 بکریاں شکار کیں اور باقی کو شدید زخمی حالت میں چھوڑ دیا۔ اس واقعے سے لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔ متاثرہ شخص نے متعلقہ اداروں اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نقصان کا ازالہ کیا جائے اور علاقے میں موجود ان خطرناک برفانی تیندوؤں کو پکڑ کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
یہ واقعہ گلگت بلتستان کے دیہی علاقوں میں جنگلی جانوروں اور انسانی آبادی کے درمیان بڑھتے ہوئے تصادم کی تازہ مثال ہے جہاں برفانی تیندوؤں کی موجودگی مقامی لوگوں کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔