پاکستان اور قازقستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان اور قازقستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے۔ اس موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف تقریب میں شریک ہوئے، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔ تقریب کے دوران پاکستان اور قازقستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے کی دستاویز، ریلوے کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، پلانٹ پروٹیکشن اور ویٹرنری شعبوں میں تعاون سے متعلق دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کان کنی اور پیٹرولیم کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت، اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت، قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کی دستاویز اور میری ٹائم کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ ہوا۔ اس سے قبل قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کے اعزاز میں وزیرِاعظم ہاؤس میں استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔ وزیرِاعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور خوش گوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔
تقریب کے آغاز پر پاکستان اور قازقستان کے قومی ترانے بجائے گئے، چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ صدر قاسم جومارت توکایووف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر سے کابینہ کے اراکین کا تعارف کروایا۔ قازقستان کے صدر وزیرِاعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر قازقستان کے صدر کے ہمراہ سینئر وزراء اور سرکاری حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔