معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی گھر حملے میں ہلاک
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام القذافی کو ان کے گھر کے صحن میں ایک منظم حملے کے دوران ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ دعویٰ عرب نشریاتی ادارے الحدث نے اپنی رپورٹ میں کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق قذافی خاندان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ سیف الاسلام کو ان کی رہائش گاہ کے باہر گولی مار کر قتل کیا گیا۔ حملے میں چار افراد ملوث تھے جو واقعے کے فوراً بعد فرار ہو گئے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حملے سے کچھ دیر قبل قذافی کے گھر میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمرے بھی بند کر دیے گئے تھے۔ دوسری جانب لیبیا کی طرابلس میں قائم حکومتِ قومی اتحاد کی وزارتِ دفاع کے ماتحت چار سو چوالیسویں کامبیٹ بریگیڈ نے بیان دیا ہے کہ معمر قذافی کے سب سے بڑے بیٹے مسلح جھڑپوں کے دوران مارے گئے۔ بریگیڈ نے واقعے میں اپنے کسی بھی کردار کی تردید کی ہے۔
اس سے قبل لیبیا الاحرار ٹی وی نے رپورٹ کیا تھا کہ قذافی کے بیٹے کو مغربی لیبیا کے شہر زنتان میں ہلاک کیا گیا۔ تاہم حکومتِ قومی اتحاد کے حکام کی جانب سے تاحال ان رپورٹس پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔