سکیورٹی خدشات: ہالی وڈ سپر اسٹار ٹام کروز کا لندن چھوڑنے کا فیصلہ
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ہالی وڈ کے معروف سپر اسٹار ٹام کروز نے لندن کے مہنگے ترین اور پوش علاقے نائٹس برج میں واقع اپنا لگژری فلیٹ سکیورٹی خدشات کے باعث چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ٹام کروز اس علاقے میں بڑھتے ہوئے جرائم اور حالیہ سنگین واقعات کے بعد اپنی رہائش کے حوالے سے شدید تشویش کا شکار تھے۔ ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق تریسٹھ سالہ اداکار نائٹس برج میں پینتیس ملین پاؤنڈ مالیت کے فلیٹ میں مقیم تھے، تاہم دن دیہاڑے قریبی رولیکس اسٹور پر مسلح ڈاکوؤں کے حملے کے بعد انہوں نے اس علاقے کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے وہاں سے منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔ واقعے کے دوران مسلح افراد نے کھلے عام واردات کی، جس سے علاقے کی سکیورٹی پر سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ ہفتوں میں نائٹس برج اور اس کے آس پاس جرائم کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس میں ڈکیتی، چوری اور مسلح وارداتیں شامل ہیں۔ اسی پس منظر میں ٹام کروز نے ذاتی تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے لندن میں اپنی رہائش پر نظرثانی کی۔ اداکار کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹام کروز سکیورٹی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے، خصوصاً ایسے وقت میں جب وہ مختلف فلمی منصوبوں میں مصروف ہیں اور عوامی توجہ کا مرکز بھی رہتے ہیں۔ نائٹس برج سے علیحدگی کا فیصلہ اسی احتیاطی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔