چین کا کیوبا کی خودمختاری کے تحفظ کی بھرپور حمایت کا اعلان

Chinese Chinese

چین کا کیوبا کی خودمختاری کے تحفظ کی بھرپور حمایت کا اعلان

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
چین نے کیوبا کی قومی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے بیرونی طاقتوں کی جانب سے کسی بھی غیر ضروری مداخلت کی سخت مخالفت کی ہے۔ چینی حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کیوبا کے عوام کو ان کے حقِ بقا اور ترقی سے محروم کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کیا جائے گا۔ یہ مؤقف اس وقت سامنے آیا جب چین کی اعلیٰ سیاسی مشاورتی کونسل کے سربراہ وانگ ہوننگ اور وزیرِ خارجہ وانگ یی نے کیوبا کے وزیرِ خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی کے پولٹ بیورو کے رکن برونو رودریگز پاریلا سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جو کیوبا کی پارٹی اور حکومت کے خصوصی نمائندے کے طور پر چین کے دورے پر ہیں۔

ملاقات کے دوران وانگ یی، جو چینی کمیونسٹ پارٹی کے پولٹیکل بیورو کے رکن بھی ہیں، نے کہا کہ کیوبا نے طاقت کی سیاست کے سامنے ڈٹ جانے اور مشکلات سے نہ گھبرانے کے جذبے کے باعث عالمی برادری میں وسیع احترام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاطینی امریکا میں صورتحال پیچیدہ اور گہرے تغیرات سے گزر رہی ہے، اور انصاف و مساوات کا دفاع چین کی خارجہ پالیسی کا مستقل اصول رہا ہے۔

Advertisement

وانگ یی کا کہنا تھا کہ چین اپنی استعداد کے مطابق کیوبا کو تعاون اور مدد فراہم کرتا رہے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین ہم خیال ممالک کے ساتھ مل کر گلوبل ساؤتھ کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور علاقائی و عالمی امن کے تحفظ کے لیے نئی کوششیں کرنے کا خواہاں ہے۔

چینی حکام نے اس بات کی بھی یاد دہانی کرائی کہ کیوبا مغربی نصف کرے میں چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا پہلا ملک تھا، جبکہ دونوں ممالک نے مشترکہ مستقبل پر مبنی کمیونٹی کی بنیاد بھی سب سے پہلے رکھی۔ چین اس وقت کیوبا کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جبکہ کیوبا کیریبین خطے میں چین کا پانچواں بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔

کیوبا کے وزیرِ خارجہ برونو رودریگز نے چین کی جانب سے بیرونی ناکہ بندیوں اور پابندیوں کے خلاف کیوبا کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کی فراہم کردہ معاونت نے کیوبا کی معاشی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اور دونوں جماعتوں کے تعلقات مختلف حجم کے ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کی ایک روشن مثال بن چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تعلقات نہ صرف سوشلسٹ ممالک کے درمیان تعاون کی بہترین مثال ہیں بلکہ چین اور لاطینی امریکی ممالک کے درمیان یکجہتی کا بھی مظہر ہیں۔ کیوبا چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو جامع اور گہرے انداز میں آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

اس سے قبل بدھ کے روز برونو رودریگز نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ لیو ہائسنگ سے بھی ملاقات کی، جس میں جماعتی روابط کے فروغ اور چین-کیوبا مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کی تعمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ لیو ہائسنگ نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک مختلف براعظموں میں واقع ہیں، تاہم ان کے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے قریب رہے ہیں۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا نے کیوبا پر دباؤ میں اضافہ کرتے ہوئے تیل کی فراہمی روکنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ گزشتہ ہفتے واشنگٹن نے کیوبا کو تیل برآمد کرنے والے ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔