چین نے جنوبی افریقہ کو برآمدات کے لیے اپنی منڈی تک رسائی دے دی

china shipping line china shipping line

چین نے جنوبی افریقہ کو برآمدات کے لیے اپنی منڈی تک رسائی دے دی

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
چین اور جنوبی افریقہ نے باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک نئے تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت جنوبی افریقہ کی برآمدات کو چینی منڈی تک ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوگی اور سرمایہ کاری کے بہاؤ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ چین۔افریقہ اقتصادی شراکت داری معاہدہ جنوبی افریقہ کے وزیرِ تجارت، صنعت و مسابقت پارکس ٹاؤ اور چین کے وزیرِ تجارت وانگ وین تاؤ نے بیجنگ میں دستخط کیا۔ یہ معاہدہ مشترکہ اقتصادی و تجارتی کمیشن کے اجلاس کے موقع پر طے پایا، جہاں جنوبی افریقہ کا اعلیٰ سطحی وفد موجود تھا۔ باضابطہ طور پر “مشترکہ خوشحالی کے لیے اقتصادی شراکت داری کا فریم ورک معاہدہ” کہلانے والا یہ معاہدہ آئندہ مارچ کے آخر تک ایک ابتدائی مرحلے کے معاہدے کی راہ ہموار کرے گا، جس کے بعد جنوبی افریقہ کی برآمدی مصنوعات کو چین میں ڈیوٹی فری رسائی ملنے کے ساتھ ساتھ چینی سرمایہ کاری میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔

جنوبی افریقہ کے محکمۂ تجارت کے مطابق اس فریم ورک میں تجارت، سرمایہ کاری، نئی توانائی اور کثیرالجہتی تعاون جیسے شعبے شامل ہیں، جبکہ اس کا مقصد عالمی تجارتی تنظیم کے اصولوں کے مطابق ایک مستحکم اور قابلِ اعتماد اقتصادی ماحول فراہم کرنا ہے۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارت بڑھانے، بالخصوص زرعی مصنوعات اور اعلیٰ قدر کی صنعتی اشیا کی چین کو برآمدات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

Advertisement

پارکس ٹاؤ کا کہنا تھا کہ چین اور جنوبی افریقہ کے تعلقات میں گہرائی کے ساتھ ساتھ نئی کاروباری مواقع بھی سامنے آ رہے ہیں، خاص طور پر کان کنی، زراعت، قابلِ تجدید توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں۔ چین پہلے ہی جنوبی افریقہ کی بڑی تجارتی منڈیوں میں شامل ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے اہم تجارتی شراکت دار ہیں۔

چینی حکام نے جنوبی افریقہ کو آئندہ شنگھائی میں ہونے والی بین الاقوامی درآمدی نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے، جبکہ جنوبی افریقہ میں اسٹیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی بات چیت ہوگی۔ حکومت کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے کے تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید تقویت دے گا۔