روسی جنرل پر حملے کا ملزم گرفتار: صدر پوتن کا اماراتی صدر کا شکریہ
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادی میر پوتن نے روسی فوجی جنرل پر قاتلانہ حملے کی کوشش میں ملوث مشتبہ شخص کی گرفتاری میں تعاون پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ یہ بات کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ہفتے کی شام بتائی۔ پیسکوف کے مطابق صدر پوتن اور اماراتی صدر کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، جس میں روسی صدر نے خصوصی سیکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون اور روسی جنرل ولادی میر الیکسییف پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے مشتبہ ملزم کی گرفتاری میں اماراتی حکام کی مدد کو سراہا۔ کریملن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر ان امور پر بھی بات چیت جاری رکھی جو حال ہی میں شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے ماسکو کے دورے کے دوران زیرِ بحث آئے تھے۔ گفتگو میں دو طرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات شامل تھے۔
واضح رہے کہ روسی حکام کے مطابق روسی جنرل ولادی میر الیکسییف پر حالیہ قاتلانہ حملے کی کوشش کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس کیس میں مبینہ حملہ آور کو دبئی میں گرفتار کر کے روس کے حوالے کیا گیا تھا۔