سعودی عرب کا اسپین سے 20 تیز رفتار ٹرینیں خریدنے کا معاہدہ
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
سعودی عرب نے اسپین کی معروف ریل ساز کمپنی ٹالگو سے 20 نئی تیز رفتار ٹرینیں خریدنے کا آرڈر دے دیا ہے۔ اس بات کا اعلان اتوار کے روز خود ٹالگو کمپنی اور اسپین کے وزیرِ ٹرانسپورٹ نے کیا۔ ٹالگو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس معاہدے کے نتیجے میں کمپنی کے آرڈرز میں ایک ارب 33 کروڑ یورو کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کا مجموعی آرڈر بیک لاگ تقریباً 6 ارب یورو تک پہنچ گیا ہے، جو کمپنی کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ معاہدے میں ٹرینوں کے ساتھ ساتھ ان کی دیکھ بھال اور مینٹی نینس کی خدمات بھی شامل ہیں۔ یہ معاہدہ اسپین کے ریلوے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو حالیہ مہینوں میں ساکھ کے بحران سے دوچار تھا۔ گزشتہ ماہ قرطبہ کے قریب ایک ٹرین حادثے میں 46 افراد کی ہلاکت کے بعد یہ سوالات اٹھائے گئے تھے کہ آیا ریلوے نیٹ ورک کی دیکھ بھال میں سرمایہ کاری، مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مطابق ہو پا رہی ہے یا نہیں۔
اسپین کے وزیرِ ٹرانسپورٹ آسکر پونتے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں اس معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے سعودی عرب میں ہائی اسپیڈ ریل کے انتظام و انصرام میں ریاستی ریلوے کمپنی رینفے کا کردار 2038 تک برقرار رہے گا، جبکہ ہسپانوی کمپنیوں کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب 80 کروڑ یورو سے زائد کی سرمایہ کاری ممکن ہو سکے گی۔