پاکستان کو مستقل دشمن بنا کر رکھنے کی پالیسی ناکام ہوگئی، ششی تھرور
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارتی سیاستدان، مصنف اور رکن پارلیمنٹ و سابق وزیر خارجہ ششی تھرور نے کہا ہے کہ پاکستان کو مستقل دشمن بنا کر رکھنے کی بھارتی پالیسی ناکام ہو چکی ہے اور اس کے نتیجے میں خطے میں امن کے امکانات کمزور ہوئے ہیں۔ انڈین ایکسپریس میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں ششی تھرور نے لکھا کہ بھارت میں پاکستان دشمن پالیسی پر اب سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے بیانیے کو اندرونی سطح پر چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو مستقل دشمن کے طور پر پیش کرنے کی پالیسی کو داخلی سیاست میں فائدہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، تاہم عملی طور پر اس کا کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
ششی تھرور نے واضح کیا کہ پاکستان سے بات چیت کو شکست تصور کرنا غلط ہے۔ انہوں نے لکھا کہ بی جے پی کا سخت اور تصادمی مؤقف وقت کے ساتھ غلط ثابت ہوا ہے اور اس قسم کی سیاست پورے خطے کو غیر محفوظ بنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف بیانیے کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا گیا، لیکن اس حکمتِ عملی نے جنوبی ایشیا میں امن کو مزید مشکل بنا دیا۔ مضمون میں ششی تھرور نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان سے مذاکرات کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں اور خطے کے ممالک کو تصادم کے بجائے مکالمے کا راستہ اپنانا ہوگا۔