وزیراعظم کی قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت

India Pakistan India Pakistan

وزیراعظم کی قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت

اسلام آباد (صداۓ روس)
حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم شیڈول کے مطابق 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف میچ کھیلے گی۔ اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ، عالمی کرکٹ کے تسلسل اور کھیل کے فروغ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ حکومتی بیان میں بتایا گیا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ درخواست موصول ہوئی تھی، جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور پوری قوم نے گرین شرٹس کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاک بھارت میچ کھیلنے کے لیے گرین سگنل دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم سے رابطہ کر کے انہیں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مؤقف اور صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعظم نے میچ کھیلنے کی منظوری دی۔

لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ پاک بھارت میچ سے متعلق فیصلہ کچھ ہی دیر میں ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش نے پاکستان سے میچ کھیلنے کی درخواست کی ہے اور بنگلادیش کے آئی سی سی سے معاملات حل ہونا ضروری ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے بنگلادیش کے لیے مؤقف اختیار کیا اور ان کی حمایت کی ہے۔

Advertisement

اعلامیے کے مطابق محسن نقوی نے وزیراعظم کو پی سی بی، بی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے مسئلے کے حل کے لیے پاکستان سے تعاون مانگا۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سری لنکا اور یو اے ای سمیت دیگر ممالک نے پاکستان کی حمایت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومتِ پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کا سری لنکن صدر سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں موجودہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر زور دیا گیا۔ حکومت نے باضابطہ طور پر قومی کرکٹ ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 فروری 2026 کو شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلے۔