روس کی اسلام آباد خودکش حملے کی ایک بار پھر شدید مذمت
ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
روس نے اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ روس دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کو مضبوط بنانے کے لیے اسلام آباد کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے تیار ہے۔ اپنے بیان میں ماریا زاخارووا نے کہا کہ 6 فروری کو اسلام آباد میں ایک خودکش حملہ آور نے مسجد کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 32 افراد جاں بحق جبکہ 170 سے زائد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی نماز کے دوران ایک گنجان جگہ پر کیا جانے والا یہ وحشیانہ حملہ دہشت گردی کی غیر انسانی فطرت کا ایک اور ثبوت ہے، جس کی روس بھرپور مذمت کرتا ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے زور دیا کہ روس طویل عرصے سے عالمی برادری پر زور دیتا رہا ہے کہ دہشت گردی کی ہر شکل اور اس کے تمام مظاہر کے خلاف مشترکہ اور منظم کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ روس اس مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
ماریا زاخارووا نے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ روس کے صدر صدر پوتن نے بھی اس افسوسناک واقعے پر پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف کو تعزیتی ٹیلی گرام ارسال کیا ہے۔