وقت آگیا ہے کہ یورپی ممالک روس سے بات چیت کریں، فرانسیسی صدر
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے یورپی رہنماؤں سے روس کے ساتھ دوبارہ مکالمہ شروع کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ یورپ کو اس معاملے میں خودمختار کردار ادا کرنا چاہیے۔ جرمن اخبار سوئڈڈوئچے زائٹنگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایمانوئل میکرون نے بتایا کہ انہوں نے کئی یورپی ہم منصبوں کو روس کے ساتھ بات چیت بحال کرنے کی تجویز دی تھی۔ ان کے مطابق بعض یورپی رہنماؤں کا خیال تھا کہ جس طرح فرانس نے اپنے سفارتی مشیروں کو روس بھیجا، اس طرح کا قدم اٹھانے کے لیے یہ وقت ابھی قبل از وقت ہے۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ ان کا تصور بالکل سادہ ہے اور سوال یہ ہے کہ آیا یورپ اس معاملے پر گفتگو کسی اور کے سپرد کرنا چاہتا ہے یا خود ذمہ داری لینا چاہتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جغرافیہ تبدیل نہیں ہوتا، چاہے روس کو پسند کیا جائے یا نہیں، وہ مستقبل میں بھی موجود رہے گا اور یورپ کا پڑوسی رہے گا۔
ایمانوئل میکرون نے کہا کہ اسی وجہ سے وہ روس کے ساتھ یورپی سطح پر مذاکرات کی بحالی کو ضروری سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ عمل نہ تو سادہ لوحی پر مبنی ہونا چاہیے اور نہ ہی یوکرین پر کسی قسم کا دباؤ ڈالنے کے مترادف، بلکہ مقصد یہ ہونا چاہیے کہ اس گفتگو میں یورپ تیسرے فریق پر انحصار کے بغیر اپنا آزاد مؤقف اختیار کرے۔فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں ماسکو کے ساتھ دوبارہ مکالمہ دسمبر سے بحال کرنا ایک معقول قدم ہوگا۔