سولر صارفین کا تحفظ: وزیراعظم کا نیپرا ریگولیشنز پر نظرثانی کی ہدایت

Shahbaz Sharif Shahbaz Sharif

سولر صارفین کا تحفظ: وزیراعظم کا نیپرا ریگولیشنز پر نظرثانی کی ہدایت

اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے سولر پینلز کے حوالے سے نئے ریگولیشنز کے اجرا کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے پاور ڈویژن کو حکم دیا ہے کہ وہ نیپرا کے نئے ریگولیشنز کے خلاف موجودہ سولر صارفین کے کنٹریکٹس کے تحفظ کے لیے فوری طور پر نظرثانی کی اپیل دائر کرے تاکہ موجودہ کنٹریکٹس کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملک میں تقریباً 4 لاکھ 66 ہزار سولر صارفین کا بوجھ 3 کروڑ 76 لاکھ سے زائد نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ڈالا جائے گا۔ اس حوالے سے پاور ڈویژن کو جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت نیپرا کے نئے ریگولیشنز کے اجرا پر خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے توانائی بلال اظہر کیانی، مشیر نجکاری محمد علی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سولر صارفین کے حقوق کے تحفظ، نیشنل گرڈ پر بوجھ کی منصفانہ تقسیم اور توانائی کے شعبے میں پائیدار پالیسیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ سولر انرجی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ موجودہ صارفین کے مفادات کا بھی مکمل خیال رکھا جائے۔