واٹس ایپ کی بحالی میٹا کی روسی قوانین پر عملدرآمد سے مشروط، کریملن
ماسکو (صداۓ روس)
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ WhatsApp کو روس میں اسی صورت بحال کیا جا سکتا ہے جب اس کی مالک کمپنی Meta Platforms روسی قوانین کی مکمل پاسداری کرے اور روسی حکام کے ساتھ بامعنی مکالمے پر آمادگی ظاہر کرے۔ خبر رساں ادارے TASS سے گفتگو کرتے ہوئے پیسکوف کا کہنا تھا کہ معاملہ بنیادی طور پر روسی قوانین کی تعمیل سے متعلق ہے۔ ان کے مطابق اگر میٹا روسی ضوابط پر عمل کرے اور حکام کے ساتھ بات چیت شروع کرے تو کسی ممکنہ مفاہمت کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کمپنی روسی مطالبات کو نظرانداز کرتی رہی اور غیر لچکدار مؤقف برقرار رکھا تو سروس کی واپسی کے امکانات معدوم رہیں گے۔ پیسکوف کے بقول قوانین سے عدم تعمیل کی صورت میں بحالی کا کوئی امکان نہیں ہوگا۔
دوسری جانب روس کے ٹیلی کام نگران ادارے نے تصدیق کی ہے کہ واٹس ایپ کے خلاف روسی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں سروس کی رفتار کم کرنا بھی شامل ہے۔ ادارے کا مؤقف ہے کہ میسنجر کو ملک میں دہشت گرد سرگرمیوں کی تنظیم اور شہریوں کے ساتھ دھوکہ دہی و بھتہ خوری جیسے جرائم میں استعمال کیا جاتا ہے۔