ہنگری کو مارچ سے کروشیا کے ذریعے روسی تیل کی سپلائی شروع ہونے کی توقع
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ہنگری کی کمپنی MOL نے توقع ظاہر کی ہے کہ مارچ سے کروشیا کے راستے روس سے ہنگری اور سلوواکیہ کو تیل کی سپلائی شروع ہو جائے گی۔ یہ اقدام یوکرین کی جانب سے ڈروژبا آئل پائپ لائن کے ذریعے سپلائی روکنے کی وجہ سے ضروری ہو گیا ہے۔ ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سزیجارٹو نے 15 فروری کو کہا تھا کہ بوداپیسٹ اور براتیسلاوا نے کروشیا سے درخواست کی ہے کہ ٹرانس ایڈریاٹک پائپ لائن کے ذریعے روسی تیل کی ٹرانزٹ کی اجازت دی جائے۔ کروشیا نے یورپی یونین کے اصول کے تحت اس کی منظوری دے دی ہے جس میں اراکین ممالک کی توانائی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے سے روکنے پر زور دیا گیا ہے۔ روسی تیل ٹینکرز کے ذریعے کروشیا کے بندرگاہ اومسالج تک پہنچایا جائے گا اور پھر ٹرانس ایڈریاٹک پائپ لائن کے ذریعے ہنگری اور سلوواکیہ بھیجا جائے گا۔ MOL کے بیان کے مطابق سمندری ترسیل کی وجہ سے ٹرانزٹ کا وقت طویل ہو گا۔ کمپنی نے کہا پہلی کھیپیں مارچ کے آغاز میں کروشیا کے اومسالج بندرگاہ پر پہنچنے کی توقع ہے، جہاں سے خام تیل MOL گروپ کی ریفائنریز تک پہنچنے میں مزید 5 سے 12 دن لگیں گے۔
MOL نے ہنگری کی وزارت توانائی سے بھی رابطہ کیا ہے کہ اگر یوکرین ڈروژبا پائپ لائن کے ذریعے سپلائی روکے رکھتی ہے تو تقریباً 250,000 ٹن اسٹریٹجک خام تیل کے ذخائر جاری کیے جائیں۔ کمپنی نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال ایندھن کی سپلائی کو خطرے میں نہیں ڈال رہی ہے۔ مارکیٹ بغیر کسی رکاوٹ کے چل رہی ہے اور MOL معمول کے کاروباری دائرے میں کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہنگری اور سلوواکیہ کے پاس تقریباً 90 دن کے لیے خام تیل کے کافی ذخائر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ 13 فروری کو تیل انڈسٹری کے ذرائع نے تاس کو بتایا تھا کہ یوکرینی کمپنی یوکرٹرانسنافتا کی مینجمنٹ نے ڈروژبا پائپ لائن کے ذریعے سپلائی دوبارہ شروع کرنے کی اجازت نہیں دی۔ کمپنی نے 6 فروری کو بروڈی لائن آپریشن ڈسپیچر سٹیشن پر ہونے والے حادثے کے اثرات ختم کر لیے تھے لیکن تیل کی پمپنگ اب تک دوبارہ شروع نہیں ہوئی۔