ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: انگلینڈ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پالیکیلے میں کھیلے گئے گروپ 2 کے اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے محتاط آغاز کیا، تاہم پہلی وکٹ 14 رنز پر گری جب صائم ایوب 7 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کپتان سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 5 رنز بنا کر لیام ڈاسن کا شکار بنے۔
اس کے بعد بابر اعظم نے فرحان کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کا مجموعہ 73 رنز تک پہنچایا، لیکن وہ جیمی اوورٹن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ بابر اعظم نے 24 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔ فخر زمان نے تیز کھیل پیش کرتے ہوئے 16 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی، تاہم وہ 122 کے مجموعے پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ درمیانی اوورز میں پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ اختتامی لمحات میں شاداب خان نے 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 164 تک پہنچایا۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک وکٹ عادل رشید کے حصے میں آئی۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے سخت مقابلے کے بعد آخری اوورز میں کامیابی حاصل کی اور میچ 2 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔