آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بھارت نے انگلینڈ کو شکست دے دی
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ممبئی میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز بنائے اور نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ شیوام دوبے نے 43، ایشان کشن نے 39، ہاردک پانڈیا نے 27، تلک ورما نے 21 جبکہ سوریا کمار یادیو نے 11 رنز اسکور کیے۔ انگلینڈ کی طرف سے ول جیکس اور عادل راشد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی اور مقررہ 20 اوورز میں 246 رنز بنا سکی تاہم وہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس طرح بھارت نے میچ 7 رنز سے جیت لیا۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا فائنل اتوار کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔