ایران میں زمینی فوجی آپریشن کا ابھی کوئی منصوبہ نہیں، امریکہ
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں زمینی فوجی کارروائی کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں رکھتے، البتہ اس امکان کو مکمل طور پر خارج از امکان بھی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “یہ فی الحال موجودہ منصوبے کا حصہ نہیں ہے، لیکن صدر دانشمندانہ طور پر تمام اختیارات کو کھلا رکھتے ہیں۔” یاد رہے کہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کی تھی۔ اس آپریشن میں تہران سمیت ایران کے اہم شہر نشانہ بنائے گئے۔ وائٹ ہاؤس نے حملے کی توجیہ ایران سے مبینہ میزائل اور جوہری خطرات قرار دی تھی۔ جواب میں اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کا اعلان کیا اور اسرائیل میں متعدد تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ بحرین، اردن، قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں امریکی اہداف بھی حملوں کا نشانہ بنے۔