وائرنگ میں خرابیوں کی وجہ سے بوئنگ طیاروں کی ڈلیوری متاثر

Boeing Boeing

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

بوئنگ نے کہا ہے کہ اس کے 737 میکس طیاروں کی پہلی سہ ماہی میں فراہمی میں تاخیر کا امکان ہے۔ کمپنی کے مطابق بعض طیاروں کی وائرنگ میں معمولی خرابی سامنے آئی ہے جس کے باعث انہیں دوبارہ درست کرنے کا عمل جاری ہے۔ بوئنگ کے بیان کے مطابق 737 پروگرام کے تحت تیار کیے گئے کچھ طیاروں میں مشینی عمل کے دوران تاروں پر معمولی خراشیں آ گئی تھیں جنہیں درست کرنے کے لیے دوبارہ کام کیا جا رہا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا کہ نئے Boeing 737 MAX طیاروں کی پیداوار بدستور موجودہ رفتار سے جاری ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس وقت سروس میں موجود تمام 737 میکس طیارے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان کی پروازیں معمول کے مطابق جاری رہ سکتی ہیں۔ بوئنگ نے یہ بھی کہا کہ اس مسئلے سے سال کے آخر تک مجموعی ترسیل کے ہدف پر اثر پڑنے کا امکان نہیں۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی نے بتایا کہ فروری کے مہینے میں اس نے 51 طیارے فراہم کیے جو 2018 کے بعد اس مہینے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس سے قبل جنوری میں کمپنی نے 46 طیارے فراہم کیے تھے۔ کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر Kelly Ortberg طیارہ ساز ادارے کی ساکھ بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ 737 میکس پروگرام گزشتہ چند برسوں سے مختلف مسائل اور تنقید کا سامنا کرتا رہا ہے۔