پہلا ایک روزہ میچ: بنگلادیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

Pakistani fans Pakistani fans

اسلام آباد (صداۓ روس)

3 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم نے 115 رنز کا ہدف 16ویں اوور کی پہلی گیند پر ہی حاصل کر لیا۔ میرپور میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔ اوپنرز صاحبزادہ فرحان 27 اور معاذ صداقت 18 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل حسین 4، محمد رضوان 10 اور سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حسین طلعت اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 4، 4 رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ عبدالصمد اور محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

بنگلادیش کی بولنگ میں ناہید رانا نے ون ڈے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 24 رنز میں 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہدی حسن میراز نے 29 رنز میں 3 وکٹیں لیں۔ یہ پاکستان کا بنگلادیش کے خلاف ون ڈے میں کم ترین اسکور ہے۔ جوابی اننگز میں تنزید حسن نے 67 ناقابل شکست اور نجم الحسین شانتو نے 27 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے موقع پر کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ اس وکٹ پر 270 سے 280 کا ٹارگٹ اچھا ہو گا۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، عبدالصمد اور شامل حسین نے ون ڈے میں ڈیبیو کیا۔ ٹیم میں محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، فہیم اشرف، محمد وسیم اور ابرار احمد بھی شامل تھے۔