ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
چینی قومی ایئر لائن ایئر چائنا نے بیجنگ اور شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے درمیان براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں ادارے بلوم برگ کے مطابق یہ پروازیں 30 مارچ سے بحال کی جائیں گی، جو طویل تعطل کے بعد دوبارہ شروع ہو رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس روٹ پر بوئنگ 737-700 طیارہ استعمال کیا جائے گا۔ پرواز بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 5 منٹ پر روانہ ہوگی اور 11 بجے پیانگ یانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گی۔ واپسی کی پرواز اسی دن دوپہر 12 بجے پیانگ یانگ سے روانہ ہوگی۔ یہ فضائی سروس 2020 میں کورونا وبا کے دوران معطل کر دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ بیجنگ اور پیانگ یانگ کے درمیان بین الاقوامی مسافر ریل سروس بھی 12 مارچ کو دونوں سمتوں میں دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔
بلوم برگ کے مطابق فضائی اور ریلوے رابطوں کی بحالی چین اور عوامی جمہوریہ کوریا کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات میں مضبوطی کی نشاندہی کرتی ہے۔ ادھر گزشتہ نومبر میں یہ بھی رپورٹ سامنے آئی تھی کہ چینی کمپنی ای ہینگ آئندہ برسوں میں بڑے ہوائی اڈوں سے اڑنے والی ٹیکسی سروس متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر کونر ینگ کے مطابق اس سروس کی فی سواری قیمت 200 سے 300 یوآن یعنی تقریباً 28 سے 42 امریکی ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے، جو پریمیم ٹیکسی کے کرائے سے قدرے زیادہ ہوگی۔