ماسکو (صداۓ روس)
ماسکو کی ریاستی ٹریفک انسپکٹوریٹ نے موٹر سائیکل سواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موٹر سائیکل سیزن کے باضابطہ آغاز تک سڑکوں پر سفر سے گریز کریں۔ یہ اعلان ادارے کی جانب سے 8 اپریل کو جاری کیا گیا۔ ادارے کے مطابق بدلتے موسمی حالات میں موٹر سائیکل چلانا انتہائی احتیاط کا متقاضی ہے اور سڑکوں کی صورتحال کا درست اندازہ لگانا ضروری ہے۔ حکام نے خبردار کیا کہ ایسے حالات میں معمولی غلطی بھی حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ ٹریفک حکام نے موٹر سائیکل سواروں کو مشورہ دیا کہ سیزن کے آغاز سے قبل نہ صرف اپنی گاڑیوں کی تکنیکی جانچ کریں بلکہ بند ٹریک پر بریک لگانے، موڑ کاٹنے اور گاڑی پر قابو پانے کی مشق بھی کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ حفاظتی لباس کے استعمال پر بھی زور دیا گیا۔ ادارے نے دیگر ڈرائیورز کو بھی ہدایت کی کہ وہ سڑکوں پر موٹر سائیکل سواروں کی موجودگی کے پیش نظر لین تبدیل کرتے اور مڑتے وقت خصوصی احتیاط برتیں۔
دریں اثنا رپورٹ کے مطابق 2026 کے موسمِ بہار کے پہلے مہینے میں روس میں موٹر سائیکلوں کی فروخت 4 ہزار 161 یونٹس تک پہنچ گئی، جو مارچ کے مہینے کے لیے ایک ریکارڈ ہے۔