اسلام آباد (صداۓ روس)
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں آج درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں شدید گرمی کی لہر متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور صوبہ پنجاب کے وسطی و جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔ اسی طرح سندھ اور خیبر پختونخوا کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زائد ریکارڈ کیا گیا۔ مزید برآں بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں بھی درجہ حرارت معمول سے تقریباً 4 ڈگری زیادہ رہنے کی اطلاعات ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز میں ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، اور کئی شہروں میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔