ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
اٹلی کی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر اپنی جعلی تصاویر وائرل ہونے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے ایک خطرناک رجحان قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی تصاویر کو حقیقت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جو عوام کو گمراہ کرنے اور افراد کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہی ہیں۔
منگل کو جاری اپنے بیان میں میلونی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا غلط استعمال تشویش ناک ہے، کیونکہ اس کے ذریعے جھوٹی معلومات کو پھیلانا آسان ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ تصاویر بنانے والے نے بظاہر ان کی شکل کو بہتر بنا دیا، تاہم اس کے باوجود انہوں نے اس عمل کو غیر ذمہ دارانہ اور نقصان دہ قرار دیا۔
اطالوی وزیرِاعظم نے زور دیا کہ یہ مسئلہ صرف ان تک محدود نہیں بلکہ ہر فرد اس کا شکار ہو سکتا ہے، خصوصاً وہ لوگ جو ایسے حملوں کے خلاف اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال سے معاشرتی اور معلوماتی سطح پر سنگین مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
میلونی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی خبر یا تصویر پر یقین کرنے سے قبل اس کی تصدیق کریں اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے پہلے احتیاط برتیں، کیونکہ آج یہ معاملہ ان کے ساتھ پیش آیا ہے اور کل کسی اور کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔