ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران اپنا ہائیلی انرچڈ یورینیم کا ذخیرہ روس کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہے۔ سعودی نیوز چینل الہدث نے ایک لیک شدہ دستاویز کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران نے امریکہ کو یہ تجویز پاکستان کے ذریعے بھیجی ہے۔ یہ تجویز حالیہ امن پیشکش کا حصہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران اپنے جوہری پروگرام کو طویل مدت کے لیے منجمد کرنے کو تیار ہے، لیکن اس شرط پر کہ اس کا ہائیلی انرچڈ یورینیم امریکہ کے بجائے روس کے حوالے کر دیا جائے۔ تاہم تہران اپنے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ختم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔
بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے مطابق ایران کے پاس 60 فیصد سے زیادہ انرچڈ یورینیم کا 400 کلوگرام سے زائد ذخیرہ موجود ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے حال ہی میں کہا تھا کہ روس نہ صرف یہ پیشکش کر چکا ہے بلکہ 2015 میں ایک بار اسے عملی جامہ بھی پہنا چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران روس پر مکمل اعتماد کرتا ہے۔
دوسری جانب امریکہ نے ایران کی اس تازہ ترین تجویز کو ناکافی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مطالبہ ہے کہ ایران کا جوہری ذخیرہ ان کے حوالے کیا جائے۔