لاہور (صداۓ روس)
لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تمام ڈبل سورس کنکشن ایک ہفتے کے اندر ہٹانے کا سخت حکم جاری کر دیا ہے۔ لیسکو حکام کے مطابق یہ حکم سرکاری گھروں سمیت پرائیویٹ آبادیوں پر بھی لاگو ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈبل سورس کنکشن جانی حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔ حال ہی میں لاہور کے علاقے مصطفیٰ آباد میں ڈبل سورس کنکشن کی وجہ سے ایک لائن مین جاں بحق ہوا تھا۔ لیسکو نے واضح کیا ہے کہ آئندہ اگر ڈبل سورس کنکشن کی وجہ سے کوئی حادثہ پیش آیا تو متعلقہ ایکسین (XEN) اور ایس ڈی او (SDO) کو نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا۔ حکام نے کہا ہے کہ کوئی بھی افسر کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، ڈبل سورس کنکشن استعمال نہیں کر سکتا۔
تاہم صرف اسپتال، گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کو خودمختار فیڈر پر ڈبل سورس کی اجازت دی گئی ہے۔