ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
یورپ ایک بار پھر موسم کی شدید تبدیلی کا شکار ہو رہا ہے۔ چند دن پہلے ہی سرد ہواؤں اور برفانی اثر والے موسم کے بعد اب براعظم میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر آنے والی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق شمال مغربی افریقہ سے ایک مضبوط ہائی پریشر سسٹم (ہیٹ ڈوم) بن رہا ہے جو مغربی اور وسطی یورپ کی طرف پھیل رہا ہے۔ یہ ہیٹ ڈوم گرم ہوا کو جال کی طرح پھنسا کر درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ کرے گا۔ اسپین اور پرتگال میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ برطانیہ، فرانس اور وسطی یورپ میں بھی درجہ حرارت معمول سے 15 ڈگری زیادہ رہے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موسم کی مکمل الٹ پھیر ہے جو روایتی “آئس سینٹس” کے بعد اچانک ہو رہی ہے۔ یہ گرمی کی لہر مئی کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔