پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کے لیے اسٹریٹجک روڈ میپ کی منظوری

Pakistan Railways Pakistan Railways

اسلام آباد (صدائے روس)

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلویز میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کے لیے اسٹریٹجک روڈ میپ کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ریلوے نظام کو جدید، مؤثر اور مالی طور پر مستحکم بنانا ہے۔ وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان ریلویز کی اصلاحات، مستقبل کے اہداف اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں مسافروں اور مال برداری دونوں شعبوں میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور اسے ملک کے محفوظ، سستے اور ماحول دوست ذرائع نقل و حمل میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فریٹ سروس ریلوے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لہٰذا مال برداری کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اصلاحاتی روڈ میپ پر مؤثر عملدرآمد کے لیے عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔

شہباز شریف نے پاکستان ریلویز میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو فروغ دینے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے نظام کی بہتری سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا، ایندھن کی بچت ممکن ہوگی اور کاربن کے اخراج میں کمی کے ذریعے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے گا۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسٹریٹجک روڈ میپ میں مسافروں اور مال برداری کے شعبوں میں مارکیٹ شیئر بڑھانے، ریلوے خدمات کے معیار کو بہتر بنانے، نیٹ ورک کی استعداد میں اضافے اور مالی استحکام کو بنیادی اہداف کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق اصلاحاتی منصوبے میں گورننس نظام کی بہتری، ڈیجیٹل نظام کا نفاذ، ریلوے لائنوں کی توسیع، علاقائی روابط کا فروغ، نجی شعبے کی شمولیت اور مالی خود کفالت کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جدید کوچز کی فراہمی، ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں میں مسافروں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم ایل ون، ایم ایل ٹو، ایم ایل تھری سمیت دیگر ریلوے ٹریکس کی اپ گریڈیشن اور رائٹ سائزنگ بھی اصلاحاتی پروگرام کا اہم حصہ ہے، جس سے ملک بھر میں ریلوے نیٹ ورک کی کارکردگی اور رفتار میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلویز کی ترقی نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت دے گی بلکہ علاقائی تجارت، سرمایہ کاری اور رابطوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ریلوے کی ملکیتی زمینوں پر نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ریلوے نظام کی مزید بہتری اور جدید کاری پر خرچ کیا جائے۔