پنجاب اور خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں سے حادثات، 5 افراد جاں بحق

Pakistani rain Pakistani rain

اسلام آباد (صداۓ روس)

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں ایک خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 45 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، قصور، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور پاکپتن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے نتیجے میں متعدد مقامات پر درخت اور سائن بورڈ گر گئے جبکہ شہری زندگی بھی متاثر ہوئی۔ شدید آندھی اور بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور لیسکو ریجن کے مختلف فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں طوفانی موسم کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے جبکہ بجلی کے کھمبے گرنے سے متعدد فیڈرز بند ہو گئے۔ مختلف حادثات میں 4 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی جس سے فصلوں اور مقامی املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب کھڑے نہ ہونے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔