ناران ویلی میں خطرناک تیندووں نے مقامی لوگوں کو شدید پریشان کر دیا

Leopard Leopard

اسلام آباد (صداۓ روس)

ناران ویلی کے مختلف علاقوں بشمول ڈنہ میڈوز اور بھونجہ جبڑی میں گزشتہ 20 سے 25 دنوں سے ایک خطرناک چیتا اور دیگر درندہ صفت جنگلی جانور مقامی آبادی اور ان کے مال مویشیوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ چیتا مسلسل بھیڑ، بکریوں اور دیگر جانوروں پر حملے کر رہا ہے۔ اب تک گاؤں کے بیشتر گھروں کے متعدد جانور ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ گزشتہ شام ایک مقامی شخص کے گھر کی دو بکریوں پر حملہ ہوا جن میں سے ایک بکری کو چیتا اٹھا کر لے گیا جبکہ دوسری شدید زخمی ہو گئی۔ علاقے کے لوگوں کا ذریعہ معاش زیادہ تر مال مویشی پالنا ہے اور ان مسلسل حملوں کی وجہ سے مقامی افراد شدید مالی اور ذہنی پریشانی کا شکار ہیں۔ متاثرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو یہ خطرناک جانور کسی انسانی جان کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے جنگلات، وائلڈ لائف اور متعلقہ حکام سے پُرزور اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ان جانوروں کو محفوظ طریقے سے قابو کر کے مناسب محفوظ مقام یا چڑیا گھر منتقل کیا جائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔