اسلام آباد (صداۓ روس)
حکومت کی جانب سے قیمت مقرر کرنے کے باوجود لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق حکومت نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر کی ہے تاہم لاہور میں مختلف دکاندار اسے 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دکاندار اپنی مرضی سے روزانہ 10 سے 20 روپے فی کلو تک اضافہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے مارکیٹنگ کمپنیوں کو نوٹس بھیجنے کا ذکر کیا اور کہا کہ متعلقہ ادارے سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ وزیر نے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی یقین دہانی کرائی.