ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
جرمنی کے مشرقی شہر لائپزگ میں شدید گرمی کی لہر نے سڑکوں کا اسفالٹ پگھلا دیا جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد مقامات پر ٹرام کی پٹریاں اور پوائنٹس بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ لائپزگ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ایل وی بی) کے مطابق پیر کی علی الصبح تک ٹرام سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔ اتھارٹی نے پہلے سروس ہفتے کی رات تک معطل کی تھی تاہم صورتحال بہتر نہ ہونے پر یہ تعطل اتوار تک بڑھا دیا گیا۔ اتھارٹی کے مطابق پٹریوں اور پوائنٹس میں اسفالٹ اور کنکریٹ کے جوڑوں کی سیلنٹ گرمی سے بہہ کر آپس میں چپک گئی ہے جس کے باعث ٹرام چلانا فی الحال محفوظ نہیں رہا۔ البتہ بس سروس معمول کے مطابق جاری ہے. برلن کے جنوب مغرب میں واقع اس شہر کی آبادی پانچ لاکھ سے زائد ہے۔ موسمیاتی پیش گوئیوں کے مطابق جرمنی، چیک جمہوریہ، ہنگری اور پولینڈ میں گرمی کی شدت غیر معمولی حد تک زیادہ رہے گی۔ اتوار کو ترکی کو چھوڑ کر پورے یورپ میں 38 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد درجہ حرارت کا سامنا کر رہے ہیں۔