ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکہ کی جانب سے حالیہ حملوں کے جواب میں ایران نے کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنا دیا۔ ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق کویت میں کیمپ عریفجان اور علی السالم، جبکہ بحرین میں جفیر اور شیخ عیسیٰ کے فوجی اڈوں پر حملے کیے گئے۔ ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اگر امریکہ نے دوبارہ حملے کیے تو خطے میں موجود دیگر امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی حملوں میں مشہد کے دو پل بھی نشانہ بنائے گئے، جنہیں ایران نے شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کے جلوس کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس، بوشہر، چابہار، کنارک، ایرانشہر سمیت متعدد علاقوں پر حملے ہوئے، جبکہ شہر اہواز پر ہونے والے حملے میں تین افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ایرانی فوج کے مطابق گزشتہ روز بندر عباس اور بوشہر پر حملوں میں فضائیہ اور بحریہ کے آٹھ اہلکار شہید ہوئے۔