ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایرانی اور امریکی تکنیکی ٹیموں کے درمیان مذاکرات کا ایک نیا دور 12 جولائی کو پاکستان میں شروع ہوگا۔ الحدث ٹیلی ویژن نے اپنے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس دن امریکی اور ایرانی تکنیکی وفود کے درمیان پاکستان میں ایک ملاقات ہوگی ، تاہم اس ملاقات کے ایجنڈے کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
پاکستان اور قطر امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے 10 جولائی کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر بات چیت میں اس کردار کو جاری رکھنے پر زور دیا ۔ اسلام آباد کو حالیہ ہفتوں میں امریکہ-ایران مذاکرات کے لیے ایک اہم مقام کے طور پر ابھرتا دیکھا جا رہا ہے ۔
خیال رہے کہ یہ تکنیکی مذاکرات اس وقت ہو رہے ہیں جب فریقین کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔ 8 جولائی کو امریکہ نے ایران پر فضائی حملے کیے، جس کے بعد ایران نے بھی کویت اور بحرین میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 جولائی کو کہا کہ وہ مذاکرات جاری رکھنے پر متفق ہیں لیکن ان کا خیال ہے کہ جنگ بندی کی صورت حال ختم ہو چکی ہے ۔