ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے جنگ کے دوران تباہ کیے گئے امریکا اور اسرائیل کے طیاروں اور ڈرونز کی باقیات کو ایک نمائش میں پیش کیا ہے۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق اس نمائش میں پہلی بار ایک امریکی ایف-15 لڑاکا طیارے کی باقیات کو عوام کے سامنے رکھا گیا ہے، جسے پاسدارانِ انقلاب کی فضائی دفاع نے “رمضان جنگ” کے دوران مار گرایا تھا۔ نمائش میں پیش کی گئی اشیاء میں طیارے کی ایجکشن سیٹ، کونوپی کا ایک حصہ اور دم کا کچھ حصہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ دیگر امریکی اور اسرائیلی ڈرونز اور میزائلوں کی باقیات بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ اس سے قبل 30 جولائی کو پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اردن کے الازرق فضائی اڈے پر امریکا کے تین ایف-35 طیارے تباہ کر دیے گئے ہیں۔ تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی امریکی طیارہ تباہ یا نقصان نہیں پہنچا۔ واضح رہے کہ ایران نے جنگ کے دوران امریکی لڑاکا طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم امریکی حکام نے اس کی تردید کی تھی۔