سپریم کورٹ کا عمران خان کواسپتال منتقل کرنے کا حکم

Imran khan Imran khan

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا تمام میڈیکل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے انہیں شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی طبیعت اور علاج سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور عمران خان کو سخت سیکیورٹی کے تحت اسپتال منتقل کیا جائے، جبکہ اسپتال کے باہر امن و امان کی صورتحال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ عدالت نے شفاء انٹرنیشنل اسپتال کو ڈاکٹرز کا بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور ذاتی معالج بھی موجود رہیں گے۔

سپریم کورٹ نے ہفتے میں ایک دن اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو علاج پر سیاست کرنے سے روک دیا اور کہا کہ بانی آئندہ سماعت تک اسپتال میں رہیں گے۔ عدالت نے واضح کیا کہ شفاء اسپتال کے اخراجات فیملی برداشت کرے گی، اور میڈیکل رپورٹ کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا، خلاف ورزی پر دی جانے والی سہولیات واپس لے لی جائیں گی۔

عدالت نے عمران خان کی بہنوں کے ساتھ ملاقاتوں اور بچوں سے بات کروانے کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا اور اڈیالہ جیل حکام کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا مکمل میڈیکل ریکارڈ دینے میں کیا مسئلہ ہے؟ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ 3 سال میں بانی پی ٹی آئی سے بہنوں کی 48 ملاقاتیں کروائی گئیں۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے کیس کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی۔